لوڈ شیڈنگ کو شکست نہ دے سکے تو اگلے الیکشن میں پارٹی پر منفی اثرات ہونگے: نثار
راولپنڈی (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے 110کروڑ روپے کی لاگت کی 3 بڑی سڑکوں کے منصوبوں کا افتتاح کیا ہے، ان کی تعمیر و مرمت ایک سال میں مکمل ہو گی، راولپنڈی شہر اور مضافات کی کثیر آبادی مستفید ہو گی۔ چودھری نثار نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پر کام اولین ترجیح ہے، لوڈشیڈنگ کے عذاب سے آگاہ ہیں، اگلا الیکشن سیاسی کارکردگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر ہو گا، لوڈشیڈنگ ختم نہ کر سکے تو پارٹی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، حکومت خاموش تماشائی نہیں بنی بیٹھی، بجلی کے مختلف منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے۔ افتتاح کے موقع پر وزیر داخلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام لوڈشیڈنگ کے جس عذاب سے گزر رہے ہیں، ان مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہیں، وزیراعظم سے صاف کہہ دیا ہے کہ آئندہ الیکشن سیاسی جماعتوں سے نہیں بلکہ لوڈشیڈنگ کی بنیاد پر ہو گا، حکومت لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، لوڈشیڈنگ کو شکست نہ دے سکے تو اگلے الیکشن میں پارٹی پر منفی اثرات پڑیں گے اور اگر شکست دے دی تو عوام کا اعتماد حاصل کرلیں گے، حکومت کا بنیادی مقصد عوام کی تکالیف میں کمی لانا ہے، حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھی، بجلی کے کئی کارخانے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں، ہم پرامید ہیں کہ ایک دو سال میں بجلی کی پیداوار میں بہتری آئے گی اور عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے چھٹکارا ملنے کے ساتھ ساتھ ملک میں ترقی کا پہیہ بھی تیز رفتاری سے چلنا شروع ہو گا۔ عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا اور فلاح و بہبود پر مبنی منصوبوں پر کام کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ہر پارٹی کا اپنا اپنا ایجنڈا ہے مگر ہمارا ایجنڈا عوام کی خدمت ہے۔