الجزیرہ کے صحافی کی گرفتار ی کے خلاف جرمنی میں احتجاج
برلن (بی بی سی) الجزیرہ ٹی وی نیٹ ورک نے جرمن حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے سینیئر صحافی کو فوری طور پر رہا کرے۔ الجزیرہ چینل کے مطابق ادارے کی عربی سروس سے منسلک احمد منصور نامی صحافی کو جرمنی میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب انھوں نے برلن سے قطر جانے والی پرواز پر سوار ہونے کی کوشش کی۔ سنیچر کو جرمن پولیس کی جانب سے احمد منصور کوگرفتار کیے جانے کے خلاف درجنوں افراد نے برلن کی ایک عدالت کے باہر مظاہرہ کیا ہے۔ ادھر جرمنی کی پولیس کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ مصری حکام نے احمد منصور کی گرفتاری کا بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کیا تھا۔ الجزیرہ کے قائم مقام ڈائریکٹر مصطفیٰ سواگ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک پر اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ کسی ملک کو میڈیا پر ظلم و ستم کرنے کے لیے خود کو ہتھیار نہیں بننے دینا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ احمد منصور عرب دنیا میں ایک قابلِ عزت صحافی ہیں اور انھیں فوری طور پر رہائی ملنی چاہیے۔ خیال رہے کہ الجزیرہ چینل کے مطابق ان کے سینئیر صحافی کو مصر کی درخواست پر جرمنی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مصر کی ایک عدالت نیگذشتہ برس احمد منصور کے خلاف تشدد کے الزام کے تحت ان کی غیر حاظری میں انہیں 15 برس قید کی سزا سنائی تھی۔ دوسری جانب الجزیرہ چینل کا کہنا ہے کہ برطانوی اور مصری دوہری شہریت رکھنے والے صحافی احمد منصور کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات لغو اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔