اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ: پاکستان آسٹریلیا کل مدمقابل ہونگے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) اولمپک 2016ء کے کوالیفائنگ راونڈ کے سلسلہ میں بیلجیئم میں جاری ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا اہم میچ کل روز منگل آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ اس سے قبل پولینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم نے دو ایک سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔ پاکستان کی طرف سے ایم عرفان اور وقاص نے ایک ایک گول کیا تھا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ دانش کلیم نے بیلجیئم سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اس ٹورنامنٹ کی اہمیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتے۔ حالیہ دورہ آسٹریلیا میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف پریکٹس میچز مل چکے ہیں جس کی روشنی میں ایک بہترین حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے۔ تمام کھلاڑیوں کو بھی اس بات کا احساس ہے کہ اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کیلئے اس ٹورنامنٹ میں اچھی پوزیشن حاصل کرنی ہے۔ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں، ہمارے دفاعی کھلاڑیوں کو اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنا ہورگا خاص طور پر گول کیپر کا کردار بڑا اہم ہوگا۔