رمضان بازاروں اور مارکیٹ میں اشیائے صرف کے نرخ، معیار اور رسد یقینی بنائی جائے: چیف سیکرٹری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبہ میں رمضان بازاروںکی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا - کابینہ کمیٹی نے ڈویژنل کمشنرز اور ڈی سی اوز سے ویڈیو لنک کے ذریعے رمضان کے بازاروں کے بارے میںمعلومات حاصل کیں-اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے کہا کہ تمام کمشنرزاور ڈی سی اوز رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائیں اور کہیں بھی اشیائے ضروریہ کی قلت کی شکایت نہیں ہونی چاہیے، رمضان بازاروں میں خواتین ، بزرگوں اور معذور افراد کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی -چیف سیکرٹری نے کہا کہ ماہ مقدس میں رمضان پیکج کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی سستی یا لا پرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، اشیائے خورونوش کی فراہمی کے لئے حکومتی مشینری کمربستہ ہو جائے اور قیمتوں کے ساتھ ساتھ اشیاء کی رسد اور معیار کی بھی کڑی نگرانی کی جائے، انہوںنے کہا کہ رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹ میں بھی معیاری اشیائے ضروریہ کی مناسب داموں دستیابی یقینی بنائی جائے انہوںنے کم ناپ تول میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا۔