مکرمی! سائلین کے مسائل کا احساس کرتے ہوئے فوری انصاف کی فراہمی کیلئے چیف جسٹس صاحب کا پنجاب بارز‘ عدالت عالیہ کے ملازمین سے خطابات اور کورٹس کے اچانک دورے خوش آئند اور امید افزا ہیں۔ خدا کرے ان کی انتھک محنت اور کاوشیں بارآور ہوں۔ 8 اپریل کو چند گزارشات عرض کرنے کیلئے بیماری کی حالت میں بڑی دشواری سے ملاقات کی کوشش کی تھی۔ اصلاح احوال کیلئے چند معروضات پیش ہیں۔ 1۔ کسی بنچ کو تفویض کردہ کیس دوسرے کو منتقلی کے بجائے وہیں منطقی انجام کو پہنچائے۔ 2۔اگلی تاریخ پیشی سماعت کے وقت ہی دیدی جائے تاکہ سائلوں کو بار بار کورٹ کے چکر نہ لگانے پڑیں اور کرپشن نہ پھیلے۔ 3۔ سینئر سٹیزنز بیماریوں کے کیسز ترجیحی بنیادوں پر فوری نمٹا دیئے جائیں۔4۔ چند منٹوں میں فیصلہ طلب کیسز کو التوا میں ڈالنے کے بجائے جلد نمٹا دیئے جائیں تاکہ مزید انبار نہ لگیں۔5۔ ارجنٹ کیس بار بار نہ لگوانے پڑیں۔ 6۔ سائلوں کے مسائل جاننے کیلئے پندرہ دن ایک ماہ میں کچھ وقت مقرر کریں۔ انصاف کی آس لگائے سینکڑوں سائل اس دارفانی سے کوچ کر جاتے ہیں۔ ایک دن حاکم الحاکمین کی اعلیٰ ترین عدالت میں ہر کسی کو بلا امتیاز / پروٹوکول جوابدہ ہونا ہے۔ خدا آپ کا حامی ناصر ہو۔(عبدالخالق‘ 18-H مرغزار کالونی لاہور)
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024