امریکہ افغانستان میں شکست کھا چکا، انخلا کےلئے ہاتھ پاوں مار رہا ہے: اعجاز الحق
اسلام آباد (اے پی پی) مسلم لیگ (ضیائ) کے سربراہ رکن قومی اسمبلی اعجازالحق نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں جنگ ہار چکا ہے اورفوجوں کے باعزت انخلاءکےلئے طالبان سے مذاکرات شروع کئے ہیں، امریکہ طالبان سے 2010ءسے مذاکرات کررہا ہے ،پاکستان کو امن مذاکرات سے باہر رکھنا فائدہ مند نہیں ہوگا۔ جمعہ کے روزپارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں اعجازالحق نے کہا کہ دوحہ میں طالبان کا دفتر بہت پہلے کھل چکا تھا اب وہاں مذاکرات کا عمل تیز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے طالبان سے آج مذاکرات شروع نہیں کئے بلکہ2010ءسے وہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کررہا ہے۔ جرمنی میں بھی امریکہ اس حوالے سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کرچکا ہے۔ اب امریکہ کی کوشش ہے کہ ایران کو بھی ان مذاکرات میں شامل کیا جائے جس کےلئے طالبان کے ایک وفد کو ایران بھیجا گیا ۔ خطہ میں پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کو امن مذاکرات سے باہر رکھنا فائدہ مند ثابت نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ اس طر ح کی حکمت عملی اختیار کرتا ہے اور پھر اپنے مفادات میں جن کے خلاف جنگ کرتا ہے اس کے ساتھ ہی امن کےلئے بات چیت شروع کردیتا ہے۔