لاہور (پ ر) حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ذاتِ پاک تمام مسلمانوں کیلئے معشل راہ ہے۔ انہوں نے عشق رسولؐ کا جو معیار قائم کیا اس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔ ان کی ساری زندگی قرآن وسنت کے اتباع سے عبارت ہے۔ آپؓ ہر مشکل گھڑی میں حضور پاکؐ کے رفیق خاص رہے۔ ان خیالات کا اظہار آستانہ عالیہ چورہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید محمد کبیر علی شاہ نے خیابانِ چورہ شریف لاہور میں یوم صدیق اکبرؓ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر سرفراز نعیمی کی شہادت کے ذریعے دشمنوں نے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی سازش کی ہے مگر اس نازک گھڑی میں علماء کرام نے بڑے تدبر کا ثبوت دیا ہے اور یہ سازش ناکام ہو گئی ہے ان کی شہادت سے پیدا ہونے والے خلا مدتوں پورا نہ ہو سکے گا۔ قبائلی باشندے اسلام پسند‘ محب وطن ہیں۔ عنقریب خیابانِ چورہ شریف میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مقتدر مشائخ عظام‘ علمائے کرام‘ دانشوروں اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا ایک نمائندہ اجتماع منعقد کیا جائے گا تاکہ مسائل کا حل ڈھونڈا جا سکے۔ ہم کوشش کریں گے کہ ایک وفد قبائلی علاقوں کا دورہ کرے تاکہ وہاں کے عمائدین سے مل کر ملک میں مختلف مسالک کے مابین ہم آہنگی اور باہمی برداشت کے جذبات کو فروغ دیا جا سکے۔ بعد ازاں درود وسلام کی محل ہوئی اور اختتام پر لنگر تقسیم کیا گیا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024