افغانستان کے سینئر عہدیداروں جان بوجھ کر پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں : مشیر قومی سلامتی معید یوسف
قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ افغانستان کے سینئر عہدیداروں کے ‘احمقانہ بیانات’ سے خود افغانستان کی سبکی ہورہی ہے اور یہ عہدیدار جان بوجھ کر پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں معید یوسف نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں جامع سیاسی حل کے لیے سہولت کاری جاری رکھنے کے لیے بدستور پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے ہماری کوششیں جاری رکھنے کے لیے حال ہی میں صدر اشرف غنی سے ملاقات پر اتفاق کیا تھا۔مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ کابل میں چند بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر کی جانب سے تلخ اور غلط بیانات، جو بدقسمتی سے ہمارے افغان بہن بھائیوں پر بطور سینئر عہدیدار کے مسلط ہیں اور مسلسل دوطرفہ تعلقات خراب کی کوشش کر رہے ہیں، جس کا مقصد اپنی ناکامیوں سے توجہ سے ہٹانا ہے۔