سپریم کورٹ: کُل آمدن پر انکم ٹیکس وصولی کیلئے ایف بی آر کی اپیل خارج

لاہور ( وقائع نگار خصوصی)سپریم کورٹ میں کُل آمدن پر انکم ٹیکس وصولی کیلئے ایف بی آر کی اپیل پر سماعت ہوئی ,فاضل عدالت نے ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ایف بی آر کی اپیل خارج کردی. سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ویڈیو لنک کے ذریعے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اپیل پر سماعت کی. کوہ نور سپننگ ملز کی جانب سے فیض جلبانی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ پیش ہوئے .انہوں نے فاضل عدالت کو بتایا کہ ایف بی آر معاہدوں اور ترسیلات زر پر بھی انکم ٹیکس وصول کرنا چاہتا ہے, قانون کے مطابق ایف بی آر معاہدوں اور ترسیلات زر پر انکم ٹیکس وصول نہیں کر سکتا, 2016 میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ اس بارے تفصیلی فیصلہ جاری کر چکا ہے ,عدالت سے استدعا ہے کہ ایف بی آر کا کل آمدن پر انکم ٹیکس وصولی کا اقدام کالعدم قرار دے۔