لاہور ہائیکورٹ: سینٹری ورکرز کی مستقلی کیلئے دائر درخواست کو اسی نوعیت کی درخواستوں کی سماعت کرنے والے بینچ میں لگانے کی ہدایت
لاہور ( وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سینٹری ورکرز کی مستقلی کیلئے دائر درخواست کو اسی نوعیت کی درخواستوں کی سماعت کرنے والے بینچ میں لگانے کی ہدایت کردی۔مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے قاسم علی,آصف علی ,وکٹر سمیت 19ملازمین کی درخواستوں پر سماعت کی ۔عدالت نے درخواستوں کو سماعت کے لیے مسٹر جسٹس امیر بھٹی کو بھجواتے ہوئے ہائیکورٹ راجسٹرر آفس کو ہدایت کی ہے کہ چونکہ اس نوعیت کے دیگر کیسز فاضل جج کے پاس زیر التواء ہیں لہذا ان کیسز کو بھی اسی جج کی عدالت میں لگایا جائے۔درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ طویل عرصے سے عارضی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں لیکن انہیں حکومتی پالیسی کے تحت ریگولر نہیں کیا جا رہا ۔عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت درخواستگزاران کو ملازمت پر مستقل کرنے کا حکم دے۔