وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے دوران اہم پیش رفت کا امکان ہے، اسلم خان
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران اہم پیش رفت کا امکان ہے، دورے میں وزیر اعظم کے ہمراہ فوجی قیادت کی موجودگی سے مثبت پیغام جائے گا جبکہ اس سے افغانستان میں بھارت کا مصنوعی رول ختم اور اس کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ضائع ہو جائے گی۔ اتوار کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن افغانستان میں امن، خلیج کی صورتحال، پاک امریکا تجارت میں اضافے اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت اور پاکستان کے لئے تجارتی مراعات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔انھوں نے کہا کہ امریکی صدر کوآمدہ الیکشن جیتنے کے لئے افغانستان کی صورتحال میںاہم پیشرفت کی ضرورت ہے جو پاکستان کی مدد کے بغیر ناممکن ہے اس لئے پاکستان جواب میں آئی ایم ایف کی شرائط میں نرمی اور ایف اے ٹی ایف کی جانب سے ملک کو بلیک لسٹ کرنے کے خطرے کو ختم کروائے کیونکہ پاکستان کا معاشی استحکام خطے میں امن کی ضمات ثابت ہو گا۔