پی ٹی آئی اپوزیشن کو دیوارسے لگانے کی کوشش کررہی ہے:اشرف بھٹی
لاہور(نامہ نگار)پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگا کر عوام کی توجہ کو تقسیم نہیں کر سکتی نہ ہی عوام کی توجہ مہنگائی بے روز گاری سے ہٹا سکتی ہے اگر ساری سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور کارکنوں کو بھی پابند سلاسل کردیا گیا تو تب بھی عوام کا ایک سمندر جلد ہی اس حکومت کے خلاف سڑکوں پر ہو گا کیونکہ اس حکومت نے عام آدمی کی زندگی کواس قدر مشکل کردیا ہے کہ اس کا سانس لینا بھی مشکل ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی پی ٹی آئی سے یہی کہتے ہیں کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور اپنے اندر برداشت پیدا کرے مخالف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور ان کے کارکنوں کو برداشت کرنا ہی اصل سیاست ہے وہ یہ بات بھی یاد رکھیں کہ حکومتیں آنی جانی چیزیں ہوتی ہیں۔