قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات خوش آئندہیں:خرم نوازگنڈاپور
لاہور(خصوصی نامہ نگار ) پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی نے قبائلی اضلاع میں جمہوری عمل کے آغاز اور پرامن انتخابات کو پاکستان کے جمہوری مستقبل کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جمہوری عمل کے آغاز اور اسمبلی میں براہ راست نمائندگی سے قبائلی عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونگے اور ریاست کی رٹ قائم ہو گی۔دیگر اضلاع کے ووٹرزقبائلی عوام کی پختہ جمہوری روایات سے سیکھیں۔ سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، کور کمیٹی کے ممبران بشارت جسپال، نوراللہ صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد اور ووٹرز کے ڈسپلن سے ثابت ہوا کہ قبائلی عوام جمہوریت پسند، مہذب اور پرامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر بھی خوشی ہے کہ قبائلی اضلاع میں پہلے الیکشن میں خواتین نے بھی حصہ لیا اور ووٹ کاسٹ کرکے اپنا آئینی حق استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ پرامن اور کامیاب انتخابات کے انعقاد پر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ قبائلی عوام نے پاکستان کے استحکام اور دفاع کی جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں اور اب انہوں نے جمہوری عمل میں پرجوش انداز میں حصہ لے کر پاکستان سے اپنی محبت کا والہانہ ثبوت دیا ہے۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ اور ہسپتال کے مرکزی دروازے پر خودکش دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔