عمران نے قادیانیوں پر اپنا عقیدہ بتاکراچھا کیا:لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قادیانی عقیدہ پر اپنے ذاتی موقف کا اظہار کردیا‘ اچھا کیا ہے ۔ 1973 ء کے دستور میں تحفظ ختم نبوت کا آرٹیکل ختم کرنا کسی کے باپ کے بھی بس میں نہیں ، اصل مسئلہ یہ ہے کہ قادیانی آئین پاکستان کو تسلیم نہیں کر رہے ۔ دنیا بھر میں پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں ۔ پاکستان پر بیرونی دبائو کی وجہ سے اسلامی قوانین ، عقیدۂ تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس مصطفیٰؐ قوانین بے اثر کیے جارہے ہیں ۔ قادیانیوں کی ناجائز سرپرستی اور سرگرمیاں بڑھتی جارہی ہیں ۔ حکومت قادیانیوں کے حوالے سے آئین کے تناظر میں واضح اور دوٹوک پالیسی بیان دے اور عالمی سطح پر بھی مضبوط موقف اختیار کرے ۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کے تمام ا نسانی اور بنیادی حقوق محفوظ ہیں ، آئین تسلیم نہ کر کے قادیانیوں نے خود اپنے اور ملک کے لیے مسائل کھڑے کیے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو اپنے ایجنڈا اور ترجیحات کے مطابق احتجاج کا حق ہے۔ حکومتی نااہلی اور ناکامی کے خلاف ہر احتجاج کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ فاٹا اضلاع کے انتخابات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کو بحیثیت مجموعی شکست ہوئی ہے ۔ یہ پورے ملک میں عوام کے حکومت مخالف درجہ حرارت کی علامت ہے ۔