قبائلی اضلاع میں پر امن انتخابات کرا کر ایک اور وعدہ پورا کردیا: عثمان بزدار
لاہور، کوئٹہ (نیوز رپورٹر+ بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پی کے میں شامل قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کرا کر اپنا ایک اور وعدہ پورا کیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار قبائلی لوگوں کو ان کا جمہوری حق ملا ہے- قبائلی اضلاع میں انتخابات حکومت کی بڑی کامیابی ہے- حکومت نے قبائلی عوام کو ان کے جمہوری حقوق دے کر ایک تاریخ رقم کی ہے- پرامن الیکشن پر سکیورٹی فورسز بھی مبارکباد کی مستحق ہیں- قبائلی اضلاع میں انتخابات کاانعقاد امن کی جیت ہے- ماضی کی حکومتوں نے ہمیشہ فاٹا کے عوام کو نظر انداز کیا- علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے نارووال سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے رہنمائوں امجد خان کاکڑ اور نعیم اللہ خان کاکڑ نے ملاقات کی -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے -وزیراعظم نے پاکستان کی تقدیر بدلنے کا عزم کر رکھا ہے-سابق ادوار میں ہونے والی لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا- سابق ادوار میں حکمران جماعتوں نے عوام کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا۔ جنہوں نے اقتدار میں آکر عوام کو نظر انداز کیا آج عوام نے انہیں فراموش کر دیا ہے-تحریک انصاف ہی جو ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالے گی- دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے ڈیرہ اسماعیل خان میں کوٹلہ سیدان چیک پوسٹ پر فائرنگ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت اور پولیس اہلکاروں سمیت معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے-انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں اور پاکستانی قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے یکجان ہے- معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں مزید برائں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر کوئٹہ گئے-وزیراعلیٰ نے گورنرہائوس میں بلوچستان کے گورنر امان اللہ خان یاسین زئی سے ملاقات کی- ملاقات میںباہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں، امن وامان کی صورتحال اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا- وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور سب نے ملکر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے- انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کوئٹہ میں جذبہ خیرسگالی کے تحت کارڈیک ہسپتال قائم کر رہی ہے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لئے ہمیں مل جل کر آگے کی طرف بڑھنا ہے- بلوچستان کے گورنر نے وزیراعلیٰ کی کوئٹہ آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب اور بلوچستان ترقی و خوشحالی کے سفر میں سا تھ ساتھ چلیں گے -بعدازاں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار بلوچستان کے صوبائی وزیرصحت نصیب اللہ مری کی رہائش گاہ پر گئے ، وزیراعلیٰ نے نصیب اللہ مری سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا- وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے صحافیوں کو لاہور کے دورے کی دعوت دیتا ہوں-