حکومت نے 6 نکات پر عمل نہ کرایا تو بی این پی اپنا فیصلہ کریگی: اختر مینگل
کوئٹہ (آن لائن + صباح نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بی این پی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے بلوچستان کے مفادات کا تحفظ کرنا، بلوچ پشتون کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ بلوچستان کے تمام اقوام اپنے حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد کریں۔ وفاقی حکومت بی این پی کے چھ نکات پر عملدرآمد کرائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو بی این پی اپنا فیصلہ کرینگے۔ ہم جمہوری لوگ ہیں جمہوری سوچ پر یقین رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات کچلاک میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ کے بیٹے کے دعوت ولیمہ میں شرکت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اختر جان مینگل سے اتوار کو ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ملاقات کی۔ سردار اختر جان مینگل کی پھوپھی کی وفات پر ان سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ ڈپٹی سپیکر نے اﷲ تعالیٰ سے مرحومہ کی مغفرت‘ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔