پاکستان ایران سرحد پر مسلح افراد کی فائرنگ، پاسداران انقلاب کے 2 اہلکار جاں بحق، 2 زخمی
تہران (نیٹ نیوز) ایران میں پاکستان کی سرحد کے نزدیک مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پاسداران انقلاب کے دو محافظوں کو قتل کر دیا جبکہ دو اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق پاکستانی بارڈر کے نزدیک ایرانی علاقے میں مسلح افراد نے پٹرولنگ پر مامور پاسداران انقلاب کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور دو شدید زخمی ہو گئے۔ سرکاری ٹیلی ویژن کا مزید کہنا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ ایرانی صوبے بلوچستان اور سیستان میں ڈرگ مافیا اور محافظوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ گزشتہ دو برس سے جاری ہے۔