بنوں: متحدہ مجلس عمل کے اکرم خان درانی پر دوسرا قاتلانہ حملہ, گاڑی پر فائرنگ,بال بال بچ گئے
بنوں: متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی ہے تاہم وہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔ انتخابی مہم کے دوران یہ ان پر دوسرا قاتلانہ حملہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اکرم درانی انتخابی مہم کے سلسلے میں بنوں کے علاقے بسیہ خیل جارہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے تاہم قاتلانہ حملے میں وہ محفوظ رہے۔
واضح رہے کہ 13 جولائی کو اکرم درانی جلسے میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے کہ بنوں کے مضافاتی علاقے حوید میں ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔