پاکستان کی زمبابوے کےخلاف ریکارڈ ساز کامیابی
اوپننگ کے ورلڈ ریکارڈ، 304 رنز ، فخر زمان ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ گرین شرٹس نے زمبابوے کے چوتھے ون ڈے میں بھی ہرا دیا۔پاکستان سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کو 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں 244 ریکارڈ رنز سے شکست دی۔5ون ڈے میچز کی یہ سیریز پہلے ہی پاکستان اپنے نام کر چکا ہے۔ اس طرح ورلڈ رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔ قومی ٹیم کے فخر زمان اور امام الحق جس طرح وکٹ پر جمے رہے اور بھرپور جاندار جارحانہ کھیل کھیلا وہ مدتوں شائقین کو یاد رہے گا۔ اس چوتھے ون ڈے میں کئی نئے ورلڈ ریکارڈ بھی بنے۔ فخر زمان ون ڈے میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ امام الحق کے ساتھ مل کر انہوں نے اوپننگ کے 304 رنز کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ قومی ٹیم کو اس شاندارفتح پر ملک بھر سے کرکٹ کے شائقین ہی نہیں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور شخصیات کی طرف سے مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔ ہماری ٹیم اگر اپنی فتح کا یہ ٹمپو برقرار رکھتی ہے اور بھرپور تیاری کے ساتھ کھیل پر توجہ دیتی ہے تو اسکی فتوحات اور کامیابیوں کا سلسلہ تادیر جاری رہ سکتا ہے۔ کرکٹ کی ان فتوحات سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ موجود ہے۔ یہ عالمی نمبر ون ٹیم ہے۔ بس انہیں اندرونی و بیرونی دباﺅ اور کرکٹ کے ساتھ ساتھ پی سی پی میں پھیلی سیاست سے محفوظ رکھا جائے تو وہ بڑے بڑے کارنامے سرانجام دے کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر سکتے ہیں۔