مہنگائی‘ بیروزگاری‘ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی سنجیدہ کوششیں نظر نہیں آتیں‘ ترجیحات نہ بدلیں تو عوامی غصہ سیلاب بن کر حکومت کو بہا لے جائے گا: نوازشریف
مری ( نامہ نگار خصوصی ) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام کو مایوس کیا ہے اور عوام کی مایوسی غصے میں تبدیل ہو چکی ہے۔ حکومت نے اگر ترجیحات نہ بدلیں تو غصہ ایسے سیلاب کی شکل اختیار کریگا جو حکومت کو بہا لے جائیگا۔ سابق ضلع ناظم فیصل آباد چودھری زاہد نذیر، چودھری شیر علی اور ایم این اے چودھری عاصم نذیر سے ملاقات میں نوازشریف نے کہا کہ لوڈشیڈنگ خصوصاً فیصل آباد جیسے صنعتی شہر میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ سے پاکستان کی صنعت شدید متاثر ہورہی ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری‘ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کی سنجیدہ کوشش نظر نہیں آتی۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں کیا جا رہا یہ تمام صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے۔ زاہد نذیر، چودھری شیر علی اور عاصم نذیر نے نوازشریف کی اصولوں پر مبنی سیاست اور انکی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور سابق ضلع ناظم فیصل آباد زاہد نذیر نے اس موقع پر نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عوام لوڈشیڈنگ‘ مہنگائی‘ بیروزگاری سے پریشان ہیں حکومت نے چپ سادھ رکھی ہے۔