لوڈشیڈنگ پر احتجاج عوام کا حق ہے‘ پُرتشدد واقعات پر مقدمات درج کئے جائینگے: ذوالفقار کھوسہ‘ رانا ثناء
لاہور (خبرنگار خصوصی) پنجاب حکومت نے عام آدمی کو عدل و انصاف کی فراہمی کے ضمن میں جوڈیشل کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں عدلیہ کو ان کی تنخواہوں مراعات اور الائونسز سمیت دیگر ضروریات کیلئے تقریباً 12ارب روپے فراہم کئے ہیں۔ حکومت پنجاب احتجاج کا حق تسلیم کرتی ہے‘ لوڈشیڈنگ سمیت دیگر ایشوز پر ردعمل فطری ہے لیکن گھیرائو جلائو کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون ضرور حرکت میں آئے گا اور پُرتشدد واقعات میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ کے سینئر مشیر سردار ذوالفقار کھوسہ‘ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گریڈ 14 سے 16 تک کے ملازمین کیلئے جوڈیشل الائونس چار اور چھ ہزار ماہانہ کیا جا رہا ہے جس پر 993ملین سالانہ خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے پیدا شدہ بحران پر ایوان وزیراعلیٰ میں وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف اور تاجر رہنمائوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے اعلانات پر عمل درآمد کی بجائے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ۔ سردار ذوالفقار کھوسہ نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے دورہ بہاولپور کے حوالے سے کہاکہ اس کا مقصد جنوبی پنجاب کیلئے ترقیاتی عمل پر عملدرآمد کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ افسوسناک عمل یہ ہے کہ آج جنوبی پنجاب کیلئے محرومیوں کی بات کرنے والوں نے اپنے دور میں ان علاقوں کیلئے کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اس حکومت میں صرف ڈیرہ غازیخان ڈویژن کیلئے 5½ ارب مختص ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ کنٹریکٹ ڈاکٹرز کے مسئلے پر پیش رفت جاری ہے۔ رانا ثناء اللہ نے ایک سوال پر کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے لئے بیرون ملک سے فنڈز کی فراہمی ممکن ہو سکتی ہے لیکن کوئی بھارت کا رہائشی یا شہری ان واقعات میں ملوث نہیں ملا، البتہ بھارت یہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا کہ اجمل قصاب پاکستان کا شہری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایسے پراسیکوٹرز بھرتی کئے گئے جن کو درخواست تک نہیں لکھنی آتی تھی انہیں میں نے فارغ کیا اب وہ عدالتوں میں چلے گئے۔