لاہور (خبرنگار خصوصی/ خصوصی رپورٹر) پنجاب میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف ہڑتال پر اپنے ردعمل میں مذہبی و سیاسی رہنمائوں نے کہا ہے کہ شٹرڈائون ہڑتال پیپلزپارٹی کی حکومت کیخلاف ریفرنڈم ہے‘ لوگ بیروزگاری‘ مہنگائی‘ بدامنی اور گڈگورننس کے نام پر لاقانونیت سے تنگ آ چکے ہیں۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور ناظم اعلیٰ حافظ عبدالکریم نے ہڑتال کو کامیاب اور حکومت کیخلاف عوامی ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت نے اپنی ظالمانہ پالیسیاں تبدیل نہ کیں تو بڑھتی ہوئی عوامی نفرت حکمرانوں کے اقتدار کو بہا لے جائیگی۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ہڑتال میں لوگوں نے پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر شرکت کی جس میں پیپلزپارٹی کا غریب ورکر بھی شامل تھا‘ حکمران قومی خزانے سے اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں انہیں قوم سے کوئی غرض نہیں۔ (ق) لیگ پنجاب کے صدر چودھری پرویزالٰہی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کو جنت بنانے کے دعوے کرنیوالوں نے حالات اس قدر خراب کر دئیے ہیں کہ یہاں بجلی ہے نہ پانی‘ بھوک‘ گرمی اور بیروزگاری سے تنگ لوگوں کا سڑکوں پر آنا اتحادی حکمرانوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔ پنجاب میں گڈ گورننس کی صورتحال سب سے زیادہ خراب ہے‘ حکومت ناکام ہو چکی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ فوری ختم اور مہنگائی‘ بیروزگاری پر قابو پانے کیلئے فوری مئوثر اقدامات کئے جائیں‘ گرفتار مظاہرین کو رہا کرکے نااہل انتظامی افسروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024