کراچی (نیوز ڈیسک + ایجنسیاں) اکیسویں صدی کا تقریباً سوا پانچ گھنٹے پر مشتمل طویل ترین سورج گرہن آج ہو گا جو پاکستان میں حیدرآباد اور کراچی میں باآسانی دیکھا جا سکے گا۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض کے مطابق پاکسان میں 5.58 منٹ پر جب سورج طلوع ہو گا اس وقت اسے گرہن لگا ہوا ہو گا اور 6.53 منٹ پر یہ مکمل سورج گرہن ہو جائے گا جبکہ یہ سورج گرہن 11.12 منٹ پر ختم ہو گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ اکیسویں صدی کا طویل ترین سورج گرہن کا دورانیہ تقریباً 5 گھنٹے 10 منٹ ہو گا۔ جامعہ کراچی شعبہ فلکیات کے پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد قریشی کا کہنا ہے کہ مکمل سورج گرہن پاکستان میں کراچی‘ حیدرآباد سمیت شمالی بھارت سے ہوتا ہوا مشرقی نیپال‘ شمالی بنگلہ دیش‘ بھوٹان‘ میانمر کے شمالی علاقوں‘ وسطی چین اور بحرالکاہل کے جزائر ریوکیو‘ جزائر مارشل اور کیرابائی میں دیکھا جا سکے گا۔ اسلام آباد میں جزوی گرہن انسٹھ فیصد‘ لاہور میں اڑسٹھ فیصد‘ پشاور میں 56 فیصد اور کوئٹہ میں 63 فیصد دیکھا جا سکے گا۔ چین میں گرہن کے دوران کشش ثقل میں ہونے والی کمی بیشی کو جانچا جائے گا۔ امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق سورج گرہن کا سب سے بہترین نظارہ چین کے مشرقی علاقوں سے کیا جا سکے گا اور اس قسم کا مکمل اور طویل سورج گرہن 123 سال بعد 13 جون 2132ء کو دیکھا جا سکے گا۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38