کولمبو ٹیسٹ : کنیریا اور سعید اجمل کی تباہ کن بائولنگ‘ سری لنکا 233 پر ڈھیر ‘ پاکستان کو 82 رنز کی مجموعی برتری
کولمبو (اے پی پی) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز دانش کنیریا اور سعید اجمل نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم کو 233 رنز پر ڈھیر کردیا‘ پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 16 رنز بناتے ہوئے مجموعی طور پر 82 رنز کی برتری حاصل کرلی‘ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 299 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی‘ دانش کنیریا نے 5 اور سعید اجمل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ منگل کو میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 289 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کامران اکمل اور دانش کنیریا ایک ایک رنز پر کھیل رہے تھے۔ دانش کنیریا پاکستان کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن پر کولاسیکرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ کامران اکمل کو بھی ایک رن پر تشارا نے کلین بولڈ کردیا۔ سعید اجمل 8 رنز پر تشارا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ محمد عامر دو رنز پر ناٹ آئوٹ رہے‘ اس طرح پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 299 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی طرف سے تشارا نے پانچ‘ کولاسیکرا نے تین جبکہ چمندا واس نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں سری لنکن ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا جب اس کے پہلے 4 کھلاڑی 82 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوگئے۔ ورنا پورا صفر‘ پرانا ویتانا پانچ‘ کمارا سنگاکارا 45 اور سمارا ویرا 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ میتھیو سری لنکا کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 31 رنز بنا کر کنیریا کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ چمندا واس چار رنز بنا کر کنیریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس وقت سری لنکا کا مجموعی سکور 171 رنز تھا۔ مہیلا جے وردھنے 79 رنز بنا کر دانش کنیریا کی گیند پر کلین بورلڈ ہوگئے۔ کولاسیکرا ایک رن بنا کر سعید اجمل کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ ہیراتھ 7 رنز بنا کر دانش کنیریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔ دلشان سری لنکا کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 55 رنز پر دانش کنیریا کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ تشارا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے اور اس طرح سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کی اننگز کے سکور 299 کے جواب میں 233 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان کو سری لنکا کے خلاف 66 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز کا آغاز خرم منظور اور فواد عالم نے کیا تاہم دونوں بلے باز ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور خرم منظور صرف دو رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 16 رنز بنائے تھے۔ فواد عالم 14 اور یونس خان صفر پر کھیل رہے ہیں۔