’’22 برس کی عمر میں عالمی چیمپئن‘‘ مایہ ناز پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا منفرد اعزاز
لندن (ریڈیو مانیٹرنگ) باکسنگ کے میدان میں ابھرنے والے مایہ ناز پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر اقبال خان نے محض 22 سال کی عمر میں وہ اعزاز حاصل کر لیا ہے جس کی تمنا ہر کھلاڑی کو ہوتی ہے۔ عامر اقبال خان نے محض 17 برس کی عمر میں 2004ء کے ایتھنز اولمپک میں لائٹ ویٹ میں سلور میڈل حاصل کرکے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا اور اب محض 22 سال کی عمر میں عالمی چیمپئن بن گیا۔ اس سے قبل گذشتہ برس ستمبر میں وہ کولمبیا کے باکسر سے اپنا مقابلہ ہارا تھا تو اس کے عالمی چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور ہوتا دکھائی دے رہا تھا لیکن جولائی میں ہونیوالے مقابلے میں اس نے یہ کارنامہ کر دکھایا۔ وہ عالمی چیمپئن بننے کیلئے ہونیوالے 21 مقابلوں میں محض ایک مقابلہ ہی ہارا تھا اور اس کے بعد بالآخر اس کا عالمی چیمپئن بننے کا خواب پورا ہو گیا۔ عامر اقبال خان 8دسمبر 1986ء کو پیدا ہوئے۔ وہ پاکستانی نژاد ہیں وہ 18 جولائی 2009ء کو انڈریاز کوٹیلنک کو ہرا کر ڈبلیو بی اے لائٹ ویلٹر ویٹ ورلڈ چیمپئن بن گئے۔ عامر خان انگلینڈ میں بولٹن میں رہتے ہیں اور وہ بولٹن وینڈرز فٹبال کلب کا حامی ہے اور کلب کے ری بوٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کی سہولتوں سے بھی فائدہ حاصل کرتا ہے۔ اس کے والدین پاکستان کے شہر راولپنڈی سے برطانیہ منتقل ہوئے تھے۔ عامر انگریزی‘ اردو اور پنجابی زبان بڑی روانی سے بولتے ہیں۔ ابتدائی تعلیم سمتھ ہل سکول بولٹن اور بولٹن کمیونٹی کالج سے حاصل کی۔ اس کے کزن ساجد محمود انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کیلئے کھیلتے ہیں جبکہ چھوٹا بھائی ہارون خان امیچور باکسر ہیں۔ عامر خان نے گیارہ سال کی عمر میں باکسنگ کھیلنا شروع کر دیا تھا اور اپنے ابتدائی زمانے میں ہی سکول کی سطح پر ہونیوالے مقابلوں میں تین انعامات حاصل کر لئے تھے جبکہ 2003ء میں جونیئر اولمپک مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا اور اے بی اے ٹائٹل حاصل کیا۔ 2004ء کے اوائل میں یورپی سٹوڈنٹ چیمپئن شپ جو لتھوانیا میں منعقد ہوئی اس میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا۔