سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد بحال، ریلیف فراہم کرنا مشن ہے ،کمشنر راولپنڈی

Jan 22, 2025

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے )کمشنر راولپنڈی ڈویڑن انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ سرکاری محکموں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے انتظامی افسران کو بارہا اس بات کی ہدایت کی گئی ہے کہ بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف تادیبی کاروائی عمل لائیں۔تاہم اب اس ڈیڈ لائن کا خاتمہ ہو چکا اور کل سے کمشنر آفس خود ایسے عناصر کے خلاف کاروائی شروع کر رہاہے۔ انجینئر عامرخٹک نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جس محکمے کے کسی افسر کے خلاف کاروائی ہو گی، اس محکمے کے سربراہ کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کیونکہ سربراہان کو اپنے افسران سے کام لینے اور انہیں اصول ضوابط پر کاربند بنانے کے ذمہ دار ہیں کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر جنرل آفتاب اشرف، سیکرٹری آرٹی اے، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و دیگر سرکاری محکموں کے سربراہان کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اٹک، جہلم، چکوال اور مری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ جس تحصیل کے پٹواری یا ریونیو عملہ کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، وہاں کے اسسٹنٹ کمشنر کو اس سے زیادہ سخت کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کیونکہ بارہا تاکید کے باوجود اگر ہم اپنے محکموں میں موجود کالی بھیڑوں کو پکڑ کر اور انصاف کے کٹہرے میں نہیں لا سکے تو حکومت نے ہمیں جس کام کے لیے بٹھایا، ہم اس کے اہل نہیں کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ہمارا مشن سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد کو بحال کر کے انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے۔

مزیدخبریں