اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے غیر ملکی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کے دو بنکوں سے معاہدے پر تیار ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر کا قرض ملے گا۔ قرض کی رقم 6 سے 7 فیصد شرح سود پر ملے گی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مصر کی وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر رانیہ المشاط سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان جاری پروگرام اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مالیات میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سعودی نیشنل بنک کے صدر سعید بن محمد الغامدی میں ملاقات ہوئی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے صدر سعودی نیشنل بنک کو پاکستان کی حالیہ اقتصادی ترقی سے آگاہ کیا، انہیں پاکستان کی عالمی مالیاتی درجہ بندی میں بہتری سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی اقتصادی فورم کی ویب سائٹ پر اپنے مضمون میں کہا ہے کہ بین الاقوامی شراکت دار پاکستان میں ترجیحی شعبوں زراعت‘ قابل تجدید توانائی‘ آئی ٹی‘ فارماسیوٹیکل سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں۔ ’’اڑان پاکستان‘‘ معاشی اصلاحات کا پروگرام ہے جس کا مقصد 2028ء تک شرح نمو کو 6 فیصد تک لانا ہے۔ مشکلات کے باوجود فیصلہ کن معاشی اصلاحات نافذ کیں۔ پاکستان کے عالمی ڈیفالٹ رسک میں 93 فیصد کمی آئی ہے۔ عالمی بنک سے مل کر 20 ارب ڈالر سے بہتری کے اقدامات کریں گے۔ اقوام متحدہ کی پائیدار ترقی کی عالمی کوششوں میں پاکستان اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔
پاکستان مشرق وسطیٰ کے 2 بنکوں سے ایک ارب ڈالر قرض لے گا: وزیر خزانہ
Jan 22, 2025