ہ حکومت تشدد کی روک تھام پر قابو پانے کے لئے موثر قانون سازی یقینی بنارہی ہے:صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین

صوبائی وزیر اقلیتی امور اور انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین سے کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل عامر رمضان کی سربراہی میں ایک وفد نے کیمپ آفس میں ملاقات کی اورانہیں برٹش کونسل کے آوازii پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا۔ عامر رمضان نے بتایا کہ آواز ii پروگرام یو کے فنڈڈ پروگرام ہے جس کے تحت پنجاب اور کے پی کے22 اضلاع میں بچوں، خواتین، نوجوانوں اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔اس پروگرام کا مقصداسپیشل افراد اور کمزور طبقات کو با اختیار اور باشعور بنانا ہے۔
صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے برٹش کونسل کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آواز ii پروگرام انسانی حقوق اور مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب ہر قسم کے تشدد کی روک تھام، خواتین کے حقوق اور بالخصوص بچوں سے زیادتی جیسے واقعات کے حوالے سے موثر قانون سازی یقینی بنارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث پاکستان ایک پُرامن ملک بن کر ابھر ا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کیجانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیاں اور متنازعہ شہریت بل جیسے اقدامات کی وجہ سے علاقائی امن کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بین الاقوامی تنظیمیں اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔ انہوں نے انسانی حقوق بالخصوص مذہبی اقلیتوں کی بھلائی کے لئے کئے جانیوالے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مذہبی اقلیتوں کے لئے ملازمت کے مواقع، نوجوانوں کے لئے میرٹ پر وظائف اور مالی معاونت، گھریلو تشدد کے خلاف قانون سازی اور خواجہ سراء کمیونٹی کے تحفظ کے لئے موثراقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وفد نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی معاونت کا یقین دلایا۔اس موقع پر سیکرٹری انسانی حقوق ندیم الرحمان،سربراہ ٹریٹی سیل پنجاب اور دیگر افرادبھی موجود تھے۔