چین نے زمین کے مشاہدے کا 100پی بی ڈیٹا اکٹھا کر لیا

چینی اکیڈمی برائے سائنس(سی اے ایس) کے زیرانتظام خلائی معلوماتی تحقیقاتی انسٹی ٹیوٹ(اے آئی آر)کے مطابق چین نے زمین کے مشاہدے کا تقریبا 100پی بی(تقریبا10کروڑ جی بی) ڈیٹا اکٹھا کرلیاہے۔چین کے زمینی مشاہدے کے ڈیٹا وسائل کی ترقی پر حالیہ رپورٹ کے مطابق اکٹھے کئے گئے ڈیٹا وسائل کو مفت اور تجارتی دونوں میں 3لاکھ صارفین کی خدمات کیلئے استعمال کیا گیا ہے جن میں نمایاں سماجی اور معاشی فوائد شامل ہیں۔یہ رپورٹ قومی زمینی مشاہدہ ڈیٹا مرکز اور قومی سائنس وٹیکنالوجی ڈھانچہ نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے، یہ دونوں ادارے خلائی معلوماتی تحقیقاتی انسٹی ٹیوٹ کے زیرانتظام ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کی جانب سے زمینی مشاہدے کے ڈیٹا نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی ہے اور ملک نے عالمی صارفین کیلئے ابتدائی طور پر خدمات کا نظام تشکیل دیا ہے۔گزشتہ دہائیوں کے دوران چین نے زمینی مشاہدے کیلئے 10سے زائد سیٹلائٹس بھیجے ہیں اور متعلقہ ٹیکنالوجی میں نمایاں ترقی کی ہے۔