ندا ڈار جنوبی افریقہ کے خلاف کم بیک کے لیے پرعزم

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ سنسنی خیز رہا، جہاں خواتین کھلاڑیوں کے حوصلےبلند تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے کی بریک کے باوجود ویمنز کرکٹ ٹیم نے اپنے پہلے ہی میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، یہ پاکستان کے پاس سیریز میں0-1 کی برتری حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع تھا تاہم آئندہ میچز کے لیے ہمیں پہلے میچ میں کی گئی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کرنا ہو گی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی ندا ڈار اور ڈیانا بیگ نے نویں وکٹ کے لیے پاکستان کی سب سے بہترین ، 60 رنز کی، پارٹنر شپ قائم کی۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ ہم نے فائیٹنگ سپرٹ اختیار کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا، کریز پر کھڑے ہم یہی بات کررہی تھیں کہ یہ میچ ہاتھ سے نہیں جانے دینا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصہ ہم نے اکٹھے بیٹنگ نہیں کی تھی، اس کے باوجود ڈیانا بیگ نےشاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اس پارٹنر شپ سے ہماری ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔