مساجد اسلامی سوسائٹی کا نیوکلس اور مدار ہیں:ڈی جی اوقاف پنجاب
لاہور(خصوصی نامہ نگار(پنجاب میںمساجد کے معیاری طرزِ تعمیر کے خطوط وضع کرنے کے لئے ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیر صدارت میٹنگ روم ایوان ِ اوقاف میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈائریکٹر پراجیکٹ، ڈپٹی سیکرٹری، ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ اور کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکأ کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت صوبے میں مساجد کی تعمیر کے حوالے سے ایک جامع حکمتِ عملی اور لا ئحہ عمل مرتب کر رہی ہے ، جس کے تحت یہ طے کیا جا ئے گا کہ ایک معیاری مسجد کا ایریا ، اس کے شعبے، اسکا طرزِ تعمیر، صفائی اور سکیورٹی سمیت دیگر مختلف شعبہ جات کے خدوخال اور تفصیل کیا ہونی چاہیے۔ ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب نے کہا کہ مساجد اسلامی سوسائٹی کا نیو کلس اور مدار ہیں، جس کی اہمیت ہر دور میں مسلمہ اور معتبر رہی ہے۔ جدید دور کے تقاضوں سے عہدہ برأ ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ہم مساجد کو ، ان کے طرزِ تعمیر اور نمازیوں کی گنجائش کو پیش ِ نظر رکھتے ہوئے خوبصورت دل آویز اور آسودہ بنائیں، تاکہ مسجد میں آنے والا ہر نمازی ، خوشگوار احساس اور روحانی آسودگی سے ہمکنار ہو۔