پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کر لیا جو اپنے وار ہیڈ سے 2750 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، تجربے کے دوران میزائل نے بحیرہ عرب میں ہدف کو نشانہ بنایا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اس موقع پر نعرہ تکبیر بلند کیا۔ خطے میں پاکستان کے عزائم کبھی بھی جارحانہ نہیں رہے بلکہ علاقائی اور عالمی امن کے لئے افواج پاکستان نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے تاہم اپنی کم از کم دفاعی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے اور دفاعی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کیل ، کانٹے سمیت تمام وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنایا ہے۔ شاہین تھری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ بھی انہی درخشاں و قابل فخر دفاعی روایات کا تسلسل ہے جیسا کہ آئی ایس پی آر نے بھی کہا ہے کہ تجربے کا مقصد ہتھیاروں کے اس نظام ، ڈیزائن اور دیگر معیار کو پھر سے جانچنا تھا۔ قومی و عسکری قیادت اس شاندار کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے ۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024