فائر بریگیڈ کو پہلے بھی گاڑیاں دی ہیں مزید بھی دیں گے،مگر معمول کا آپریشن کے ایم سی کی ذمہ داری ہے:سعید غنی
کراچی:وزیراطلاعات سندھ نے تین ہٹی آتشزدگی واقعے کا ملبہ کے ایم سی پر ڈالتے ہوئے کہا کہ معمول کا آپریشن کے ایم سی کی ذمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعید غنی گزشتہ رات تین ہٹی پر جھگیوں میں آتشزدگی سے متاثرہ افراد کی داد رسی کے لئے متاثرہ جگہ پہنچے۔جہاں انہوں نے جلنے والی جھگیوں کے مکینوں سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ جب واقعہ ہوا تو میں انتظامیہ سے رابطہ میں تھا، بڑا واقعہ تھا شکر ہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مجھے فائر بریگیڈ کے مسائل کے حوالے سے علم ہے۔ فائر بریگیڈ کو پہلے بھی گاڑیاں دی ہیں مزید بھی دیں گے۔مگر معمول کا آپریشن کے ایم سی کی ذمہ داری ہے۔
سعید غنی کا مزید کہنا کہ مختلف وجوہات ہیں یہاں پر لوگ ایسے بیٹھ جاتے ہیں۔ہر کسی کو قبضہ مافیا نہیں کہا جاسکتا،ان کو اٹھانے کے لیے بھی کوئی لائحہ عمل ہونا چاہیے۔ اس موقع پر سعید غنی کے ہمراہ ہمراہ کمشنر کراچی و سیکریٹری بلدیات بھی موجود تھے۔