قومی احتساب بیورو نے جعلی بنک اکاونٹس مقدمے میں تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔
یہ فیصلہ نیب کے چیئرمین جاوید اقبال کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں کیاگیا۔ نیب راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل عرفان ندیم منگی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔ اجلاس میں جعلی بنک اکاونٹس مقدمے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔آج نیب کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے قانون کے مطابق باضابطہ طور پر اپنا کام شروع کردیا ہے۔ نیب نے یقین دلایا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تحقیقاتی عمل کو شفافیت کے ساتھ اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
احتساب بیورو نے ذرائع ابلاغ پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے پر قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔