ساہیوال میں پولیس گردی کا واقعہ مہذب معاشرے کے منہ پر طمانچہ ہے ٗ عبدالغفار روپڑی
لاہور( خصوصی نامہ نگار) ساہیوال میں پولیس گردی کا واقعہ مہذب معاشرے کے منہ پر طمانچہ ہے، سانحہ ساہیوال نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ کرپٹ اور رشوت خور سیکورٹی اہلکاروں سے عوام کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو چکا۔ پولیس عوام کیلئے ہمدردی کے بجائے خوف اور ڈر کی علامت بن چکی ہے۔ ریاستی ملازم خود کو مالک اور عوام کو غلام سمجھتے ہیں۔ قانون کی آڑ میں غنڈہ گردی کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز ساہیوال میں ہونیوالے المناک سانحے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا۔ سانحہ میں لقمہ اجل بننے والوں کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو مارنے کے علاوہ بھی بہت سارے طریقے ہیں جن سے حکومت اور دیگر ادارے اپنی کارکردگی کا ثبوت دے سکتے ہیں۔ غیر ذمہ دارانہ کارروائی حکومت، انٹیلی جنس اداروں اور سیکورٹی فورسز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔