سانحہ ساہیوال:اہل کاروں کے سفاکانہ کردار نے ملک کو ہلا کر رکھ دیاہے:لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اس ساہیوال کا المناک واقعہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں کے سفاکانہ کردار نے پورے ملک کو دہلا کر رکھ دیاہے جہاں حکومت بے نقاب اور اس کی قلعی کھل گئی ہے وہیں یہ امر عیاں ہوچکاہے کہ لاپتہ افراد کے سانحات ، کراچی سانحہ ، ماڈل ٹائون سانحہ ، دھرنوں کے سانحات اور اب ساہیوال سانحہ نشان دہی کر رہاہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت بے پناہ اختیارات کی وجہ سے قانون اور انصاف مفلوج ہو گئے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات ، اعتبار اور ساکھ کھو چکی ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان کے لیے قومی ایکشن پلان ہر اعتبار سے ریویو ناگزیر ہو گیاہے ۔ فوج ، سیکورٹی اداروں اور پولیس اہلکاروں کی قربانیاں قومی سرمایہ اور قابل فخر ہیں لیکن اس بنیاد پر پیدا ہونے والی نئی صورتحال قومی قیادت کو از سر نو اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر مجبور کر رہی ہے ۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے عدالتی نظام کو بہتر کرنے کے بیانیہ سے پوری قوم کو اتفاق ہے۔