محکمہ خوراک ڈیری پروڈکٹس کی بہتری کیلئے اقدامات کررہاہے:صوبائی وزیر خوراک
لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کی زیر صدارت ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے آفس میں دودھ اور ڈیری پروڈکٹس کے قوانین کو جامع بنانے کے حوالے سے پالیسی کی تیاری کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے علاوہ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن ، ساہیوال ڈیری ایسوسی ایشن اور دیگر کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی محکمہ خوراک پنجاب کے تحت دودھ اور ڈیری پروڈکٹس میں مزید جدت لانے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کا دیگر صوبوں میں لاگو ہونا خوش آئند امر ہے جو خوراک کے معیار کو بہتر بنانے میں ممدومعاون ثابت ہورہا ہے ۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ خوراک سے متعلقہ قوانین میں تبدیلیاں لانے کا مقصد خوراک کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ ہماری پروڈکٹس کو ملکی و غیر ملکی سطح پر پذیرائی حاصل ہوسکے۔ قبل ازیں پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد نے اس انڈسٹری سے وابستہ اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن سے وابستہ کاروباری حضرات محفوظ فوڈ کلچر کے فروغ کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنارہے ہیں۔