فیروزوالا: ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق
فیروزوالا (نامہ نگار) جی ٹی روڈ پر کالا شاہ کاکو کے قریب تیز رفتار بس بے قابو ہو کر رکشہ، کار اور موٹر سائیکل سواروں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں خاتون سمیت دو افراد ہلاک اور اٹھارہ افراد زخمی ہو گئے۔ جن کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا۔ چار زخمیوں کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تیز رفتار بس گوجرانوالہ سے لاہور آ رہی تھی جب کالاشاہ کاکو یو ٹرن کے قریب پہنچی توتیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر رکشہ، کار اور موٹر سائیکل سواروں سے جا کر ٹکرا گئی جس کے باعث رکشہ سوار دس سالہ لڑکا رحمان اور موٹر سائیکل سوار خاتون کلثوم بی بی ہلاک جبکہ خاتون کا شوہر اور رکشہ سوار آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ گول پلازہ کالا شاہ کاکو کے قریب تیز رفتار بس بے قابو ہو کر الٹ کر سڑک سے نیچے جا گری جس کے نتیجہ میں دس افراد زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔