لڑکی کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت پر وکلا بحث کیلئے طلب
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لڑکی سے دوستی کرکے اس کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت پر وکلا کو بحث کے لئے طلب کر لیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفریاب چدھڑ کی عدالت میں ملزم وقار کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست پر فریقین کے وکلا کو بحث کے لئے طلب کرتے ہوئے سماعت آج منگل تک ملتوی کر دی۔ ملزم وقار کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائمز سرکل نے مقدمہ درج کر رکھا ہے جس کے مطابق ملزم پر (ش) نامی لڑکی کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کا الزام ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم وقار نے (ش) سے دوستی کی اور اس کی قابل اعتراض تصاویر بنائیں اور بعد میں اسے بلیک میل بھی کرتا رہا۔ مطالبہ پورا نہ ہونے پر قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیں۔ کیس کی مزید سماعت آج ہو گی۔