بقائی کیڈٹ کالج گڈاپ میں سالانہ کھیلوں 2019ء کا انعقاد
کراچی(اسپورٹس رپورٹر)بقائی کیڈٹ کالج گڈاپ میں سالانہ کھیلوں 2019ء کا انعقاد کیا گیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ بقائی نے کہا کہ زندگی کے ہر محاذ پر فتوحات حاصل کرنا نوجوانوں کی امنگ ہوتی ہے خصوصاً کھیلوں میں شرکت کرنے سے طلبہ میں ذہنی و جسمانی تقویت پروان چڑھتی ہے۔ کھیل میں ہار جیت کو ٹیم اسپرٹ کے طور پر قبول کرنا ہی اصل جیت ہے۔ ناکامی کی صورت میں نیا عزم اور جذبہ بیدار ہوتا ہے جس سے سبقت اور مزید فتوحات کے مقاصد اجاگر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی غیر نصابی سرگرمیوں کا کیڈٹ کالج میں باقاعدگی سے انعقاد ہونا دراصل مستقبل کے معماروں کو تعمیر وطن اور تحفظ ملک و ملت کے لئے تیار کرنا مقصود ہوتا ہے۔ جس کا تمام تر کریڈٹ پرنسپل(ر) کرنل سعید الرحمن اور بقائی کیڈٹ کالج کے اساتذہ کو جاتا ہے۔ یہ ادارے کے لئے فخر کی علامت ہیں۔ تقسیم انعامات کے موقع پرپرنسپل بقائی کیڈٹ کالج کرنل (ر) سعید الرحمن نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ بقائی کی خصوصی شرکت کو کیڈٹس کی حوصلہ افزائی ، توقیر اور پذیرائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس سرپرستی کے شکر گزار ہیں بلکہ ہمارا یہ عزم ہے کہ بقائی کیڈٹ کالج کو صف اوّل کا ادارہ بنائیں گے۔ انعامات تقسیم کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کا آج کیڈٹس کے چمکتے دمکتے چہروں سے یہ ظاہر ہورہا ہے کہ ان کا مستقبل تابناک ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے اساتذہ کرام نے نہ صرف انہیں جیت کے لئے تیار کیا بلکہ ان کی دلجوئی اور کھیلوں میں ان کی شرکت کو سراہتے ہوئے اساتذہ نے بھی میوزیکل چیئر گیم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر جیتنے والی ٹیموں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئی۔