صدر ایف پی سی سی آئی سے توقعات
تاجر برادری کے ہر دلعزیز رہنمائوں ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت میں فیڈریشن میں یو بی جی (یونائیٹڈ بزنس گروپ) نہ صرف شاندار فتوحات حاصل کرتا جارہا ہے بلکہ اس کی خدمات بھی قابل تعریف اور مثالی ہیں یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کی تاجر صنعت کار برادری اس گروپ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتی ہے اور اس کے نامزد امیدواروں کو چاروں صوبوں سے کامیاب کراتی ہے اور ان کی کامیابی کا مارجن اور تناسب بھی بے مثال نظر آتا ہے۔ کوئی حر یف ان کے امیدواروں کے نزدیک بھی نہیں آپاتا۔ اس زبردست اعتماد اور بھاری اکثر یت سے کامیابی کے بعد یو بی جی کی قیادت اور نو منتخب عہدیداروں پر ذمہ داریوں اور ان سے وابستہ توقعات کا گراف بھی کہیں زیادہ بلند ہو جاتا ہے۔ یعنی کہ کام کر کے دکھانے کا چیلنج بھی بڑھ جاتا ہے۔ وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے سا لانہ انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے پلیٹ فارم سے بھاری اکثریت سے فتح حاصل کرنے والے نو منتخب صدر انجینئر داروخان اچکزئی نے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ فیصلے میرٹ پر اور قانون کے مطابق ہوں گے۔ کوئی دبائو اور سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔ فیڈریشن کے الیکشن میں اپنی تاریخی اوریادگار کامیابی کے بعد انجینئر دارو خان اچکزئی جو بنیادی طور پر ایک شریف‘ ایماندار اور سادہ انسان ہیں انہوں نے کہا کہ اپنی لیڈر شپ اور تمام ووٹرز کو جنہوں نے میرے حق میں فیصلہ دیا اور مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ان کو مایوس نہیں کروں گا اور اپنا کام اور ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرکے نبھائوں گا۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا صدر منتخب ہونا میرے لئے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے یہاں مجھ سے قبل کئی نامور ذہین قابل اور مشہور شخصیات صدر منتخب ہوکر فرائض انجام دے چکی ہیں میری پوری کوشش ہو گی کہ اس پلیٹ فارم کو بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور ان کے بہترین مفاد میں استعمال کروں اور مجھ سمیت نئی ٹیم سے جو توقعات وابستہ کی گئی ہیں ان پر ہم پورا اتر کر دکھائیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کام فرد واحد نہیں کرتا بلکہ ایک ٹیم ورک چاہیئے ہوتا ہے اور فیڈریشن کے الیکشن میں جو لوگ منتخب ہوئے ہیں وہ سب کے سب تجربہ کار اور منجھے ہوئے لوگ ہیں ان کو مسائل کا ادراک بھی ہے اور وہ اس کے حل کے لیے قابل عمل تجاویز بھی دے سکتے ہیں اس لیے توقع کرتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں فیڈریشن کی کارکردگی اور نتائج مزید بہتر ہوں گے۔ آخر میں فیڈریشن کے الیکشن کی شاندار کوریج کرنے اور بزنس کمیونٹی کے لیے فعال کردار اور شاندار خدمات انجام دینے پر نوائے وقت اوراس کی پوری ادارتی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں۔ فیڈریشن کے نو منتخب سینئر نائب صدر ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں انتہائی فعال متحرک اور کامیاب بزنس مین ہیں اور سیاست کے ساتھ ساتھ سفارت کاری کے میدان میں بھی اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نہ صرف وہ خود بلکہ ان کے خاندان کے دیگر لوگ بھی شہرت رکھتے ہیں اور یہ کہا جائے کہ پوری بیگ فیملی ہی پاکستان کا فخر ہے اور پاکستان کا نام روشن کر رہی ہے تو یہ غلط نہ ہو گا۔ ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ ایک صاف گو‘ ذہین ‘ قابل اور محنتی انسان ہیں وہ مسائل پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ معیشت کے حالات کو بخوبی سمجھتے ہیں کالم بھی لکھتے ہیں ٹی وی پروگراموں میں کھل کر اپنے خیالات کا اظہار بھی کرتے ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان کے سوفٹ امیج کو اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتے آرہے ہیں۔فیڈریشن میں یو بی جی کی کامیابی پر وہ بے حد خوش بھی ہیں اور مطمئن بھی ہیں کہ یو بی جی نے جو وعدے کیئے وہ پورے کیئے اور لوگوں نے دیکھا کہ یو بی جی نے کام کر کے دکھایا اس لئے مسلسل پانچویں مرتبہ یو بی جی کو الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل ہوئی اور اس پر الزامات لگانے والے اور بے جا تنقید کرنے والے مخالفین کے دانت کھٹے ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کا پلیٹ فارم بہت اہم اور بڑا پلیٹ فارم ہے یہاں بہت کچھ کہا جاسکتا ہے ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ لیکر آتے ہیں اور انشاء اللہ وہ سب کام کریں گے جو پہلے نہیں ہوئے۔ ہمارا یقین ہے کہ ہمت مرداں مدد خدا کچھ بھی ممکن ہے صرف عزم اور حوصلہ دکھانا چاہیئے۔ اللہ مدد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی فتوحات اور کامیابیاں دراصل اس کی صاف ستھری اور عظیم قیادت کی بدولت ممکن ہیں جو دنیا بھر میں اچھی شہرت عزت اور احترام کی حامل ہیں۔ پاکستان کے کامیاب بزنس مین اور قابل فخر سپوت محمد حنیف گوہر اس بات پر بے حد خوش ہیں کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے فیڈریشن کے الیکشن میں ایک بار پھر باآسانی کلین سوئپ کیا ہے اور اس شاندار اور تاریخی کامیابی کا سہراہ وہ یو بی جی کی اعلیٰ قیادت کے سر باندھتے ہیں جن کے بے داغ کردار اور بہترین ساکھ کی بدولت ہی یو بی جی نے مسلسل پانچویں سال فیڈریشن کے الیکشن میں نہ صرف بھاری مارجن سے فتح حاصل کی بلکہ مخالفین کو ایک بار پھر چاروں شانے چت کر دیا۔ مخالفین کو یو بی جی ہر سا ل ناک آئوٹ کرتی آئی ہے اور ہر سال اس کی کامیابی اور اس کے ووٹوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کی حمایت اور مقبولیت میں ہرگزرنے والے سال کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہور ہا ہے کیونکہ یو بی جی کی قیادت نے ہر سال کام کر کے دکھایا ہے اور کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں جاتی ہے لوگ خود دیکھ رہے ہیں کہ کون کام کر رہا ہے اور کون صرف عہدے کی لالچ میں مرا جارہا ہے۔ الحمداللہ یو بی جی کے قائدین سے لیکر ادنیٰ کارکن تک سب کے سب بے لوث خدمت کے جذبے کے تحت کام کر رہے ہیں اس لئے یو بی جی کامیاب ہے اور اس پر کراچی سے لیکر پشاور تک ہر بزنس مین گہرا اعتماد کرتا ہے اگر ہماری قیادت میں کھوٹ ہوتا‘ اگر ان کی نیت خراب ہوتی‘ اگر یہ منافقت کرتی تو اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی سزا دیتے اور الیکشن میں یہ کامیابی نہ ملتی اس لیے ان کا کہنا ہے کہ یو بی جی کی کامیابیاں دراصل نیک نیتی اور سچائی کی بدولت ہیں۔پچھلے برسوں میں بھی پوری دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ بھرپور محنت کرکے فیڈریشن کے پلیٹ فار م سے سنجیدہ ایشوز اور مسائل پر آواز اٹھائی گئی اور ان مسائل کو حل کر کے بزنس مین کمیونٹی کی حد ممکن مدد کی گئی رہنمائی کی گئی اور آئندہ بھی اس طرح خدمت کی جائے گی ہماری نو منتخب قیادت بھی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور پرعزم ہے کہ جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس پر پورا اتر کر دکھائیں گے۔یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کی فیڈریشن کے سالانہ انتخابات برائے 2019ء میں شاندار کامیابی پر پاکستان کے ہر دلعزیز بزنس کمیونٹی لیڈر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بے حد شکر گزار ہیں کہ اس نے مسلسل پانچویں کامیابی یو بی جی کو عطا کی۔ پورے ملک کے تاجر صنعت کار برادری کے اس بھرپور اعتماد اور حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں اور ان کو یقین دلاتے ہیں کہ انہوں نے ایک بار پھر جس والہانہ انداز سے محبت کا اظہار کیا ہے ہم ان کی توقعات پر پورا اتر کر دکھائیں گے ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی یو بی جی نے انتہائی تجربہ کار صاف ستھری شہرت کے حامل افراد کو الیکشن میں اتارا تھا جن کی ذہانت قابلیت اور کامیابیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تھیں لہٰذا پورے ملک میں ان اُمیدواروں کو پذیرائی اور قبولیت حاصل ہوئی اور ہر شہر ہر صوبے میں ان پر گہرے اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا گیا اب الیکشن نتائج نے بھی ثابت کر دیا کہ یو بی جی کی قیادت ہی پاکستان بھر کے تاجروں اور صنعت کاروں کی نمائندہ تنظیم ہے اور اس پر ہر شخص گہرا اعتماد رکھتا ہے۔ کیونکہ یہ بے لوث قیادت ہے یہ مخلص قیادت ہے یہ شریف قیادت ہے یہ محب وطن قیادت ہے یہ ذاتی مفاد کی خاطر عہدے حاصل نہیں کرتی بلکہ تاجروں و صنعت کاروں کے اصل اور یقینی مسائل کو حل کرنے کے لیے آگے آئی ہے۔ لوگ اپنا وقت دیتے ہیں اپنی جیب سے خرچہ کرتے ہیں۔ فیڈریشن کے خزانے میں لوٹ مار نہیں کرتے بلکہ فیڈریشن کے خزانے کو بھرتے ہیں اور رضا کارانہ بنیاد پر کام بھی کرتے ہیں اور ڈونیشن دے کر اچھے کام مکمل کراتے اور نئے منصوبوں کو آگے بڑھاتے ہیں۔یوبی جی کو جس تیزی سے مقبولیت حاصل ہوئی اور اس کی پالیسیوں اور اقدامات کو سراہا گیا اور یہ ہر بزنس مین کے دل کی آواز بن گیا اس کے بارے میں شایدہمارے مخالفین نے سوچا بھی نہیں تھا لیکن یو بی جی قائم کرتے وقت ہی ہمیں یقین تھا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہم شاندار نتائج حاصل کریں گے کیونکہ ہم کھلے دل کے ساتھ اس میدان میں اترے تھے ہمارا مقصد ذاتی تشہیر یا خودنمائی ہرگز نہیں تھا بلکہ ہم بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ایڈریس کرنا چاہتے تھے اور اللہ کا شکر ہے کہ یو بی جی کے پلیٹ فارم سے یہ سارے کام ہونا شروع ہوئے اور مسلسل پانچویں کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ یو بی جی کی پالیسیاں اور اقدامات نتیجہ خیز رہے ہیں یہ زبانی وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات ہیں جن سے بزنس کمیونٹی کے لوگوں کو ہر سطح پر اور ہر دور میں فائدہ پہنچا ہے اور ان کی تکالیف اور مسائل کو حل کرنے کے لیے راستہ نکالا گیا ہے۔ متعلقہ حکام اداروں اور حکومتی شخصیات سے بات کی گئی اور وہاں کنونسنگ بحث کی گئی جس کے نتیجے میں بزنس کمیونٹی کی بات سنی گئی اور مسائل حل ہونا شروع ہوئے۔ یو بی جی کے قیام سے پہلے فیڈریشن کو ذاتی جاگیر کی طرح چلایا جارہا تھا اور اس کے وسائل کو بے دریغ استعمال کرکے ذاتی تشہیر اور سیر سپاٹے کے لیے وقف کر دیا گیا تھا یو بی جی نے یہ ساری عیاشیاں بند کرادیں اور فیڈریشن کے پلیٹ فارم کو غلط استعمال ہونے سے روکا۔ یو بی جی کے اقدامات کی ہر شخص نے دل سے تعریف کی اور اسی لیے ہر سال یو بی جی کی حمایت میں اضافہ ہوتا گیا اور اللہ کا شکر ہے کہ آج پانچویں کامیابی حاصل کر کے یو بی جی نے اپنے تمام مخالفین کو زیرو کر دیا ہے۔
٭…٭…٭…٭