پل کی مرمت کے لئے فنڈز کی منظوری دی جائے
مکرمی! ہم صوبائی وزیر بلدیات و ترقیات سے ضلع شیخوپورہ کے علاقہ نارنگ منڈی کی یونین کونسل گھڑیال میں لوکل گورنمنٹ کے تحت تعمیر ہونے والے برساتی پانی کی گزرگاہ ہیچڑ ڈرین کے پل میں درمیان سے ایک حصہ مکمل گر جانے کا نوٹس لینے اور ہنگامی بنیادوں پر پل کے ایک سپین کو تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس پل کے ٹوٹنے سے اکبریاں، بھاگیاں، گھڑیال کلاں کا دیگر دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ جس سے عوام الناس کو شدید پریشانی لاحق ہو گئی ہے۔ عوام الناس نے اپنی مدد آپ کے تحت پل کاحصہ گرنے والے حصے پر عارضی طورپر مٹی ڈال کر آمد و رفت کے لئے راستہ تو بنا دیا ہے لیکن پانی کے بہائو سے مٹی بہہ جاتی ہے اس کے علاوہ مجوزہ پل کی مکمل صورتحال بھی خستہ ہو چکی ہے۔ لہذا نئے پل کی تعمیر بھی ناگزیر ہو چکی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ پل کی تعمیر کے لئے فی الفور فنڈز کی منظوری دی جائے تاکہ عوام کا رابطہ بحال ہو جائے۔ (چودھری فرحان شوکت ہنجرا)