عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے سوچ بدلنی ہوگی‘ مصطفی کمال
کراچی(نیوز رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کے لیے اپنی سوچ کو بدلنا ہوگا جبھی ملک میں ایک مثبت سوچ اور نظریہ جنم لے گا جو ملک میں ایک انقلاب کا باعثِ بنے گااور قوم کوقومیت و لسانیت کی بنیاد پرتقسیم کرنے والے نظریات سے نجات دلا کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن اورنسلوں کو بہتر مستقبل دے سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 18 لانڈھی پی ایس 94 میں منعقد کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ میگا سٹی کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا گیاھے،اسکولوں میں معیاری تعلیم نہیں ہے، پینے کا صاف پانی نہیں ہے،70ہزار بچے اسکولوں سے باہر ہیں،جو بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں ان کی تعلیم نہ ہونے کے برابر ہے، اسپتالوں میں دوائیں نہیں،سڑکیں ٹوٹی پھوٹی، سیوریج کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے، پارکوں کی حالت خراب ترین ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو کسی دنیاوی مفاد کیلئے ہمارے ساتھ تھے وہ خود دور ہو گئے۔ آج میرے ساتھ کھڑے ہونے والے پاکستانیت کے نظریے پر کھڑے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ہم نے اس شہر میں پارٹی کے جھنڈوں کی وجہ سے نوجوا نوں کو مرتے ہوئے دیکھا ہے اس لئے ہم نے پارٹی کا جھنڈا لہرانے کے بجائے قومی پرچم اٹھایا انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے علاوہ کراچی والوں کے پاس کوئی آپشن نہیں ہے، مہاجروں سمیت تمام قومیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 27 جنوری کو بھاری اکثریت میں پی ایس پی کے امیدوار عرفان وحید جو کامیاب بنائیں۔