ہسپتالوں کو ٹھیکے پر دینے کا سسٹم بند کیا جائے: ہیلتھ پروفیشنلز الائنس
ملتان (نمائندہ خصوصی) پنجاب ہیلتھ پروفیشنلز الائنس کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیکہ پر دینے کا سسٹم بند کیا جائے۔ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومتی ذمہ داری ہے حکومت صرف ان شعبوں کو ٹھیکوں پر دے رہی ہے جس سے پیسے کمائے جا سکیں۔ اس سلسلے میں پنجاب ہیلتھ پروفیشنلز الائنس کا اجلاس کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ملتان میں ہوا۔ جس میں صوبائی عہدے دار اے ڈی کنول‘ مقبول احمد گجر‘ رانا طفیل‘ رخسانہ انور‘ نزاکت علی‘ سعید احمد‘ شفیق احمد‘ اقبال طائر‘ محمد امین‘ احمد علی‘ رابعہ بشیر‘ یاسمین ناز‘ تحسین اختر‘ خلیل لغاری‘ نذر جھکڑ‘ محمد اشرف‘ رخسانہ کوثر‘ رضیہ کوثر نسرین گل ودیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر اے ڈی کنول نے کہا کہ نشتر ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں کے بلڈ بنکس کو انڈس گروپ کے حوالے کردیا گیا ہے اب شعبہ ریڈیالوجی اور شعبہ پتھالوجی بھی انڈس گروپ کے حوالے کرنے کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ ان حالات میں غریبوں کے لئے مفت علاج کروانا ناممکن ہو جائے گا۔ تمام ہسپتالوں کے ملازمین نجکاری کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ محمد امین نے کہا کہ حکمران صحت کے شعبہ کو کاروبار بنا کر لوٹنا چاہتے ہیں اس موقع پر ینگ نرسز ایسوسی ایشن چلڈرن کمپلیکس کی صدر شمیم اختر اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کی صدر رخسانہ احمد‘ جنرل سیکرٹری نسرین گل نے الائنس کی حمایت اور اس میں شمولیت کا اعلان کیا۔