آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ، کوارٹر فائنل کے مرحلے کا آغاز کل ہوگا
آکلینڈ(آئی این پی ) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل مرحلہ کل شروع ہو گا،پاکستانی ٹیم کو24 جنوری کو جنوبی افریقہ کا چیلنج درپیش ہو گا۔نیوزی لینڈ میں جاری میگا ایونٹ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے اور ٹاپ آٹھ ٹیموں پاکستان، جنوبی افریقہ، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے شاندار کھیل کی بدولت کوارٹر فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے، پہلے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا، دوسرا کوارٹر فائنل24 جنوری کو پاکستان اور جنوبی افریقہ، تیسرا کوارٹر فائنل 25جنوری کو نیوزی لینڈ اور افغانستان جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل 26 جنوری کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا، سیمی فائنلز 29اور 30جنوری جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 3 فروری کو کھیلا جائے گا۔