افریقی کھلاڑی جے پی ڈومینی نے انوکھا ریکارڈبنا ڈالا
لاہور(اے این این)جنوبی افریقی بلے باز ڈومینی ڈومیسٹک کرکٹ کی تاریخ میں ایک اوور میں زیادہ رنز بٹورنے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے۔ڈومنی نے کیپ کوبراز کی جانب سے کھیلتے ہوئے میچ کے ایک اوور میں 37 رنز بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوبراز کی اننگز کے 37ویں اوور میں ڈومینی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ایڈی لائی کی گیندوں پر جارحانہ شاٹس لگائے، ڈومنی نے ایڈی کی پہلی چار گیندوں پر چھکے لگائے، پانچویں گیند پر دو رنز بنائے، چھٹی گیند نو بال قرار پائی اور اس پر چوکا جڑ کر پانچ رنز حاصل کیے جبکہ آخری گیند پر بھی انہوں نے چھکا لگا دیا۔ڈومنی نے ہرشل گبز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جنہوں نے 2007 ورلڈ کپ میں ہالینڈ کے بالر وان بونگے کو اوور میں مسلسل چھ چھکے لگائے تھے۔ لسٹ اے کی تاریخ میں ایک اوور میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز زمبابوے کے ایلٹن چیگمبرا کے پاس ہے، جنہوں نے بنگلہ دیشی بالر الادین کے خلاف ایک اوور میں 39 رنز بنائے تھے۔