لاہور میں 41 لاکھ کے ڈاکے‘ دوران مزاحمت ڈاکو ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک
لاہور(نامہ نگار)صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میںڈاکوئوںاور چوروںنے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ شفیق آباد کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکو اپنے ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا ہے۔ شفیق آباد کے علاقے چودھری پارک کے قریب مقامی رہائشی شہباز اپنی عزیزہ اور اس کی 3 ماہ کی بیٹی کے ہمراہ جا رہا تھا کہ اچانک موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوئوں نے انہیں روک کر اسلحہ تان لیا اور خاتون کے ہاتھ سے سونے کا کڑا چھیننے کی کوشش کی، شہباز سمجھا کہ اغوا کار بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر اس نے ہمت دکھاتے ہوئے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا۔ جس پر اس کے ساتھی ڈاکو نے گھبرا کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے اس کا اپنا ہی ساتھی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا ڈاکو ہوائی فائرنگ کر تے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مرنے والے ڈاکو کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی۔ ہلاک ڈاکو شیراکوٹ کے علاقے غوثیہ کالونی کا رہائشی 32سالہ رمضان تھا۔ ہلاک ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔اس کے فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش جاری ہے، جسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ڈیفنس کے علاقے میں ڈاکوئوں نے شیراز کے گھر سے 10 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان، ڈیفنس کے علاقے میں فیاض کے گھر سے5 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور سامان، ملت پارک کے علاقے میں واجد کے گھر سے 3لاکھ مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور سامان، گجر پورہ کے علاقے میں ڈاکوئوں نے فرحان کے گھر سے 2 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات‘ نقدی اور سامان ، سٹی رائیونڈ کے علاقے میں رحمت کے گھر سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی، سبزہ زار میں ڈاکوئوں نے امین اور اس کی فیملی سے ساڑھے 3 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فون، ہنجر وال کے علاقے میں شرافت اور فیملی سے اڑھائی لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فون، ریس کورس کے علاقے میں ضیاء اور فیملی سے3 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چھین لی۔ اچھرہ میں جمشید اور فیملی سے2 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فون، نواب ٹائون میں ڈاکوئوں نے شریف اور اس کے دوست سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل فون، مانگا منڈی کے علاقے میں ماجد سے 20ہزار اور موبائل فون، اکبری گیٹ کے علاقے میں عقیل سے 30 ہزار روپے اور موبائل فون، نیو انارکلی میں ریاض سے ایک لاکھ اور موبائل فون، نشتر کالونی میں صابر سے2 لاکھ اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے کاہنہ میں وسیم احمد کی حویلی سے 5 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کرلیا ہے۔ چوروں نے موچی گیٹ، شاہدرہ، ساندہ کے علاقوں سے 3کاریں جبکہ سمن آباد، یکی گیٹ، لوئر مال، سول لائن،کوٹ لکھپت، مزنگ، ملت پارک سے 7 موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔