زمین کے تنازعہ پر دو گروپوں میں تصادم، نوجوان جاں بحق
حسن ابدال(نامہ نگار)درجن سے زائد مسلح افراد مبینہ طورپر اپنی زمین واگزار کروانے کی نیت سے تھانہ سٹی حسن ابدال سے چند سو گز کے فاصلے پر لاری اڈہ حسن ابدال پر واقع منان خان ایڈووکیٹ کے گھرکے قریب واقع زمین پر پہنچے جہاں پر دونوں فریقین کے درمیان تصادم شروع ہو گیا دونوں فریقین کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا جس کے نتیجے میں منان خان کا جوان سال بیٹاماھد علی فائرنگ کی زد میں آکر موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔یاد رہے کہ چند روز قبل حسن ابدال کی رہائشی خاتون نسرین بی بی نے الزام لگاتے ہوئے کہ منان خان ایڈووکیٹ نے اس کی زمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے احتجاجاً لاری اڈہ کے مقام پر جی ٹی روڈ دو گھنٹے تک بلاک رکھی تھی جس کے بعداتور کی صبح تقریباً 9بجے کے قریب نسرین بی بی کے بیٹوںنے اپنے ساتھیوں کی مدد سے زمین کا قبضہ چھڑانے کی کوشش کی جس پر دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ شروع ہو گیا جس کے نتیجے میں منان خان کا جواں سال بیٹا ماھد علی فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طورپر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حسن ابدال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکاجس کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی اس سلسلے میں تھانہ سٹی حسن ابدال پولیس مصروف تفتیش ہے ۔