ملکی معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کیے جائیں: عرفان اقبال
لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے کہا ہے کہ ٹیکسیشن سے متعلقہ بزنس کمیونٹی کے مسائل فی الفور حل کئے جائیں تاکہ پیدواری لاگت کم ہو سکے اور ملکی معاشی صورتحال میں بہتری آسکے۔ وفاقی اور صوبائی ٹیکس نظام میں ہم آہنگی لا کر ڈبل ٹیکسیشن کا خاتمہ کیا جائے۔ تمام ٹیکس وصولی ایک ہی ادارے یا وزارت کے ماتحت کر دی جائے۔ پنجاب انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ بزنس کمیونٹی اپنی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے اور ٹیکس ادا کرتی ہے مزید کاروباری طبقہ بھی ٹیکس نیٹ میں شامل ہونا چاہتا ہے مگر ٹیکسوں کے نظا م سے متعلق آگاہی کے فقدان کی وجہ سے ایسا نہیں کر پاتا۔ ٹیکس عملے کو حاصل صوابدیدی اختیارات اور بینکوں سے اپنی ہی رقوم نکلوانے پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے۔ چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہزیب اکرم نے کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی وزیر خزانہ کو ان معاملات کا نوٹس لینا چاہیے ۔صنعت وتجارت کے ٹیکسیشن سے متعلقہ مسائل حل نہ ہوئے تو معاشی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔