سرحدوں پر شدید خطرات لاحق ہیں‘ اپوزیشن انتشار کی سیاست کر رہی ہے: احسن اقبال
نارووال+ شکر گڑھ+ چک امرو (نامہ نگاران) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال چوہدری نے کہا پاکستان کی سرحدوں پر اس وقت شدید خطرات ہیں، ہمارے دشمن پاکستان کو دبائو میں لانے کیلئے ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، اسرائیل کے وزیر اعظم کا دورہ بھارت اور مودی کا دورہ امریکہ میںباہمی اشتراک کس کے خلاف ہے ؟ـ اس وقت ہم سب کو یکجا ہو کر عالمی طاقتوں کو اتحاد کا پیغام دینا ہو گا، اپوزیشن کی سیاست انتشار، دھرنوں اور ملک کو تقسیم کرنے کی ہے جبکہ مسلم لیگ ن عوامی خدمت، ترقی، بجلی کے نئے منصوبوں سمیت امن کی بحالی کی سیاست کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں یہاں نارووال میں حافظ عبدالرحمن ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہری پور کے جلسہ نے ثابت کر دیا کہ کہ عوام کے دلوں پر حکومت کرنے والے کو پانچ لوگ ہٹا نہیں سکتے، اپوزیشن جماعتوں کا لاہور کا جلسہ صرف اس لیے ناکام ہوا کہ عوام میں شعور آچکا ہے اور لاہوریوں نے اپوزیشن کے ایجنڈے کو رد کر دیا جس پر میں لاہور والوں کو مبارکباد دیتا ہوں، احسن اقبال نے کہا سی پیک کے باعث پاکستان دنیا بھر میں ممتاز ہو گیا ہے اور اب اس منصوبے کے تحت لاکھوں پاکستانی نوجوانوں کو روز گار ملے گا، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں واحد اسلامی ایٹمی طاقت کو بچانا ہے تو اپنی معیشت کو مضبوط کرنا ہو گا اور مسلم لیگ ن پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پاکستان میں امن کو بحال کر کے اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرتے ہوئے مسلم لیگ ن پاکستان کو ایشیا کا ٹایئگر بنا رہی ہے، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ مذہب کے نام پر لوگوں کو ورغلایا جا رہا ہے کہ ایک ہفتے میں یہاں شریعت مصطفیﷺ نافذ کی جائے جبکہ ہم میں سے کوئی شخص شریعت محمدی ﷺ نافذ کئے بغیر مسلمان نہیں ہو سکتا، ہر کلمہ گو نے جب کلمہ پڑھ لیا تو وہ شریعت محمدی ﷺ میں آگیا جبکہ بین الاقوامی علماء نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی کہ پاکستان کا آئین عین اسلامی ہے، لوگوں کو اکسانے کیلئے نعرے بنائے جا رہے ہیں، جیسے ختم نبوت ﷺ کے نام پر ملک میں طوفان کھڑا کیا گیا جبکہ ختم نبوت پر جو ایک بال برابر بھی شک پیدا کرے وہ مسلمان نہیں، ہم سب ختم نبوت کے محافظ ہیں اور یہ عقیدہ ہمیں اپنے ماں باپ اور جان سے بھی زیادہ پیارا ہے، چکوال میں خادم رضوی محلے محلے گیا۔ لوگوں سے کہا کہ اگر وہ ایمان رکھتے ہیں تو تحریک لبیک کو ووٹ دو اور اگر مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا تو کافر ہو جائو گے، لوگوں کو پتہ چل گیا کہ خادم رضوی سیاست کر رہے ہیں اور اپنی جماعت کیلئے ختم نبوت کے نعرے کو استعمال کر رہے ہیں۔